وزیر تعمیرات ومواصلات کی لوکل روڈ پروگرام کے منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیرصدارت لوکل روڈ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز اور دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ نارتھ، سنٹر اور ساوتھ ریجن کے ایس ایز اور ایکسینز نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری لوکل روڈ پروگرام اور شاہراہوں کی تعمیر و بحالی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ تعمیر ہونے والی شاہراہوں پر سائن بورڈز، لین مارکنگ اور بیوٹیفکیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی شاہراہوں کو بھی خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے فیلڈ فارمیشنز کو 7 ستمبر تک مزید 82 شاہراہیں مکمل کرنے کا ہدف دے دیا۔ انہوں نے چیف انجینئر ساؤتھ کو 26، نارتھ کو 33 جبکہ سنٹر ریجن کو 23 شاہراہیں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے ہدایت کی کہ لوکل روڈ پروگرام کے تحت جاری تمام منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے فیلڈ فارمیشنز میں خالی آسامیوں پر افسران کی فوری تعیناتی کی بھی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر نے 2024 سے اب تک تعمیر ہونے والی شاہراہوں کے شولڈرز چیک کرنے کا حکم دیتے ہوئے خراب شولڈرز کی آئندہ دس روز میں مرمت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ مون سون بھی شاہراہوں کی مرمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں شاہراہوں کا دورہ کریں اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی پیش رفت اور معیار چیک کرنے کے لیے خود بھی فیلڈ میں موجود ہوں گا۔
صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے کے عوام کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور شاہراہوں کی تعمیر، بحالی، خوبصورتی اور معیار کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
