حکومت عوام پر پٹرول بم گرا رہی، حکمران آئی ایم ایف کے غلام ہیں، حافظ نعیم الرحمان
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت عوام پر پٹرول بم گرا رہی ہے، حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت کو مہنگائی، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس وقت پشاور اور کراچی میں بھی جماعت اسلامی کے دھرنے جاری ہیں، جبکہ لاہور میں ہزاروں افراد احتجاجی دھرنے میں شریک ہیں، جماعت اسلامی کا دھرنا کسی ذاتی یا سیاسی مفاد کیلئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کیلئے ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت عوام پر پٹرول بم گرا رہی ہے جبکہ بجلی کی قیمتیں بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں، بے نظیر بھٹو کے دور میں آئی پی پیز قائم ہوئے اور بعد ازاں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ان سے معاہدے کئے۔
حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ آئی پی پیز کے پلانٹس میں بھی مبینہ طور پر بے ضابطگیاں کی گئیں، 100 میگاواٹ کے پلانٹ کو 200 میگاواٹ ظاہر کیا گیا، جبکہ گنے کے بھوسے سے چلنے والے پلانٹس میں بھی مبینہ طور پر دو نمبری کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی کیپسٹی پیمنٹ کا بوجھ بھی عوام پر ڈالا جا رہا ہے، گزشتہ برس کی رپورٹ میں بجلی بنانے کی لاگت کم ہونے کے بجائے زیادہ سامنے آئی، 200 یونٹس بجلی استعمال کرنے والے صارفین پریشان ہیں جبکہ اس سے زیادہ یونٹس استعمال کرنے والے مزید مشکلات کا شکار ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی جنگ کو بہانہ بنا کر پٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں، جبکہ حکومت قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار آئی ایم ایف کو قرار دیتی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران آئی ایم ایف کے غلام بن چکے ہیں اور حکومتی پالیسیوں کا بوجھ مسلسل عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
