(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت سینیٹ کا اجلاس کل 17 اگست کو شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال، قانون سازی اور اہم قومی امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
سینیٹ کے اجلاس میں مختلف قانون سازی کے بل پیش کیے جانے کے ساتھ ملکی سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
ایوانِ بالا میں اہم عالمی اور علاقائی معاملات پر بھی سیر حاصل گفتگو متوقع ہے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان اہم قومی موضوعات پر بحث اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔
آئین کے آرٹیکل 54(1) کے تحت صدر مملکت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً پارلیمنٹ کے کسی بھی ایوان یا دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس طلب کرسکتے ہیں۔
سینیٹ کا یہ اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب ملک کو متعدد قومی و بین الاقوامی چیلنجز اور اہم قانون سازی کی ترجیحات کا سامنا ہے۔ اجلاس کی صدارت سابق وزیراعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کریں گے۔
