پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا آپریشن، ہزاروں کلو ملاوٹی مصالحے اور نمک تلف،20 لاکھ روپے جرمانہ
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کوٹ عبدالمالک اور 30 کلومیٹر لاہور روڈ پر بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی سربراہی میں کارروائی کے دوران معروف مصالحہ یونٹ اور نمک یونٹ بند کرکے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
کارروائی کے دوران 5 ہزار کلو نمک، 2500 کلو سرخ مرچ اور 400 کلو ہلدی پاؤڈر تلف کر دیا گیا، جبکہ یونٹس سے لاکھوں روپے مالیت کی ملاوٹی سرخ مرچ، ہلدی اور ایکسپائر نمک بھی برآمد کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ہلدی اور مرچ پاؤڈر کے سیمپلز فیل ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ نمک یونٹ میں لائسنس، ورکرز کے میڈیکل ریکارڈ اور ضروری دستاویزات کے بغیر ناقص نمک پیک کیا جا رہا تھا، جس پر یونٹ کو بند کر دیا گیا۔
راجہ منصور احمد کے مطابق معائنے کے دوران انتہائی ناقص اسٹوریج کا بھی انکشاف ہوا، جہاں نمک زمین پر بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا جبکہ کیڑے مکوڑوں کی بھرمار بھی پائی گئی۔ ضائع شدہ اور واپس آنے والے نمک پر مناسب ٹیگنگ بھی موجود نہیں تھی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ملاوٹی اور ایکسپائر اشیائے خورونوش کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی خوراک کے ہر چھوٹے بڑے کاروبار کو چیک کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
