بانی پاکستان کو خراجِ عقیدت کا بہترین طریقہ خوشحال پاکستان کی تعمیر ہے، عمران امین
(لاہور نیوز) سی بی ڈی پنجاب میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر لاہور پرائم، سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ میں ایک پروقار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے بطور مہمانِ خصوصی قومی پرچم لہرایا۔
تقریب میں سی او او سی بی ڈی پنجاب بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ سمیت افسران اور ملازمین نے شرکت کی، تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا، اس موقع پر شرکاء نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی بلند کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور ان کے ساتھیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ہے، سی بی ڈی پنجاب جدید انفراسٹرکچر کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
عمران امین نے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، جدید شہری انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرکے ملکی معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا حصہ ڈالنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔
سی او او سی بی ڈی پنجاب بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے کہا کہ قومی پرچم اتحاد، استقامت اور عزم کی علامت ہے، آزادی نے ہمیں ایک وطن دیا، اب اسے مضبوط اور خوشحال بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی بی ڈی پنجاب کے افسران اور ملازمین پیشہ ورانہ ذمہ داری، نظم و ضبط اور محنت کے ذریعے پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں، ملکی ترقی کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، اس موقع پر شرکاء نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا اور ملی جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
