(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو و ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد (تمغہ امتیاز) نے 14 اگست کے موقع پر قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں قیامِ پاکستان کیلئے ہمارے آبا و اجداد کی دی گئی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
اپنے پیغام میں سارہ احمد نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط آج بھی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں، قائداعظم کے سنہری اصولوں کو عملی زندگی میں نافذ کرکے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برداشت، صبر و تحمل اور ایمانداری کو فروغ دے کر ہم ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، قومی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ہر شہری اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ ہم قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنا قومی کردار ادا کری، یومِ آزادی ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم متحد ہو کر پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
