(لاہور نیوز) سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق یومِ آزادی کو بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کیلئے تمام ہارٹیکلچر ایجنسیاں خصوصی تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کریں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری عمارات، پارکس اور اہم مقامات کو قومی پرچموں، سبز و سفید برقی قمقموں اور خوبصورت تزئین و آرائش سے سجایا جائے، جبکہ 14 اگست کی تقریبات میں قومی جذبے، اتحاد، امن، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے پیغام کو نمایاں کیا جائے۔
نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ پارکس اور تفریحی مقامات پر یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے اور ان میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے، اس موقع پر صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش اور شہری سہولیات کے خصوصی انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ تمام ہارٹیکلچر ایجنسیاں یومِ آزادی کی سرگرمیوں کی مؤثر میڈیا اور سوشل میڈیا کوریج کو بھی یقینی بنائیں تاکہ قومی یکجہتی، پاکستان سے محبت اور آزادی کی اہمیت کا پیغام زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچ سکے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منعقد کر کے پاکستان سے محبت، قومی اتحاد اور وطن سے وابستگی کا بھرپور اظہار کیا جائے۔
