(ویب ڈیسک)فیصل آبادمیں مشہور سٹیج اداکارہ حنا شیخ کی گاڑی پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، تھانہ منصور آباد پولیس نے واقعے کامقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
حنا شیخ گوجرانوالہ سے فیصل آباد کے سبینہ تھیٹر میں ڈرامے کی پرفارمنس کے لیے آئی تھیں۔ واقعے کے بعد انہوں نے الزام عائد کیا کہ سٹیج اداکار سلک چوہدری نے ذاتی رنجش کی بنا پر ان کی گاڑی پر فائرنگ کروائی۔
ادکارہ حنا شیخ نے سی پی او فیصل آباد سے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب فیصل آباد کے انفارمیشن سیکرٹری محمد اجمل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ رات گئے سٹیج اداکارہ کے ساتھ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ان کے مطابق ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عظمیٰ بخاری ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔محمد اجمل نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں نامعلوم افراد کو ہاتھ میں اسلحہ لہراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ملزمان کو موٹرسائیکل پر فرار ہوتے بھی دیکھا گیا ہے۔
