سیلابی صورتحال: متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور تین وقت کے کھانے کی فراہمی جاری
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، ہیلتھ کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال، لائیو سٹاک، محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک ہیں۔
حکام کے مطابق مریدکے، شیخوپورہ، حکیم پورہ، فیروزوالہ، پٹھان کالونی اور دیگر متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات اور امدادی کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کشتیوں اور بوٹس کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین کو ضروری سامان سمیت محفوظ مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے۔
سیلاب متاثرین کے لیے ادویات، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی بھی جاری ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کردہ ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا باقاعدگی سے فراہم کیا جا رہا ہے۔
امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین سی ایم آئی ٹی شعیب مرزا بھی متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں، حکام کے مطابق متاثرین کو خشک دودھ، بسکٹ اور دیگر ضروری اشیائے خور و نوش بھی فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ کئی متاثرہ خاندانوں نے گھر کی دہلیز پر تین وقت کا کھانا ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
