(لاہور نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے فائنل کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے ٹریفک ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق فائنل میچ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیلئے 2 ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز، 90 انسپکٹرز اور ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز فرائض سرانجام دیں گے، قذافی اسٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل شاہراہوں پر خصوصی نفری تعینات کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رانگ پارکنگ کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے 10 فورک لفٹرز اور 5 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کر دی گئی ہیں، شائقین کرکٹ کی سہولت اور اسٹیڈیم تک آسان رسائی کیلئے 5 پارکنگ سٹینڈز مختص کئے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور فیروزپور روڈ ٹریفک کیلئے کھلی رہیں گی جبکہ میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، تاہم ٹیموں کی آمد و رفت کے دوران چند مقامات پر مختصر وقت کیلئے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔
ٹریفک پلان کے تحت مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروزپور روڈ سے آنے والے شائقین اپنی گاڑیاں فیروزپور روڈ پر واقع گورنمنٹ کالج فار بوائز کی پارکنگ میں کھڑی کر سکیں گے، جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ سے آنے والے شہری کلمہ چوک اور سینٹر پوائنٹ کے راستے گورنمنٹ کالج فار بوائز کی پارکنگ استعمال کر سکیں گے، کینٹ اور ڈیفنس کے علاقوں سے آنے والے شائقین کیلئے سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی مارکیٹ کے اطراف پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک کی بدلتی صورتحال سے آگاہ رکھنے کیلئے راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے مسلسل معلومات فراہم کی جائیں گی، شائقین کرکٹ سے اپیل ہے کہ وہ پارکنگ اور اسٹیڈیم میں داخلے کے حوالے سے ٹریفک پولیس کے عملے سے رہنمائی حاصل کریں اور قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔
