(لاہورنیوز) مغرب سے کم ہواؤں کے ساتھ بادلوں کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو گیا، جس کے سبب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور وسطی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج موسم ابر آلود رہے گا، جبکہ بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا یہ سسٹم 3 جون تک لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع کو متاثر کر سکتا ہے، جس کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد نے بھی ممکنہ بارش کے پیش نظر آپریشنل عملے کو فیلڈ میں موجود رہنے اور نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
