(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے اختتام کے بعد پنجاب بھر میں سرکاری دفاتر آج سے مکمل طور پر فعال ہو گئے، دفتری امور دوبارہ شروع کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق عید کی چھٹیوں کے بعد سرکاری اداروں میں 90 فیصد سے زائد ملازمین نے حاضری یقینی بنائی، جبکہ مختلف محکموں میں عوامی خدمات کی فراہمی بھی مکمل استعداد کے ساتھ بحال کر دی گئی۔
حکومت پنجاب کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر منگل، بدھ اور جمعرات کو سرکاری تعطیلات دی گئی تھیں، جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کے باعث سرکاری ملازمین کو تقریباً ایک ہفتے کا وقفہ ملا۔
صوبائی دارالحکومت میں سول سیکرٹریٹ اور وزیراعلیٰ آفس سمیت تمام اہم دفاتر میں مکمل عملے کے ساتھ دفتری سرگرمیاں جاری ہیں، ایل ڈی اے، واسا، ٹیپا اور پی ایچ اے سمیت تمام اہم ادارے مکمل فعال ہیں، محکمہ ٹرانسپورٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ایجوکیشن اور دیگر محکموں میں بھی کام معمول پر آ گیا۔
پنجاب حکومت نے تمام محکموں کے ایڈمن افسران کو ملازمین کی حاضری کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کرتے ہوئے غیر حاضر ملازمین کی رپورٹ مرتب کرنے اور حاضری کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
حکومت نے عید کی تعطیلات کے بعد ترقیاتی، انتظامی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے، جبکہ تمام محکموں کو دفتری نظم و ضبط برقرار رکھنے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
