(لاہور نیوز) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے انڈر گریجوایٹ ایل ایل بی ڈگری پروگرام میں داخلوں کیلئے لاء ایڈمیشن ٹیسٹ (LAT) کا پورٹل کھول دیا ہے۔
ملک بھر میں قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے ایچ ای سی کا لاء ایڈمیشن ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ایچ ای سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق خواہشمند طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر LAT ٹیسٹ کیلئے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں, رجسٹریشن پورٹل 25 مئی تک کھلا رہے گا۔
اعلامیے کے مطابق ایل ایل بی ڈگری پروگرام میں داخلے کیلئے LAT ٹیسٹ کا انعقاد 21 جون کو کیا جائے گا۔ ٹیسٹ پاس کرنے والے طلبہ ہی ملک کی مختلف جامعات اور لاء کالجز میں پانچ سالہ ایل ایل بی پروگرام میں داخلے کے اہل ہوں گے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن اور ٹیسٹ سے متعلق تمام معلومات بروقت حاصل کریں اور آخری تاریخ سے پہلے آن لائن درخواست جمع کروائیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
