:(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ڈیفالٹرز کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ ٹیکس نظام میں شفافیت اور وصولیوں میں اضافے کیلئے سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلے چیئرمین معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیے گئے، جس میں صوبے میں سروسز سیکٹر سے ریونیو اہداف کے حصول کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران موجودہ مالی سال کے مقررہ ٹیکس اہداف اور اب تک کی وصولیوں کا تقابلی تجزیہ پیش کیا گیا، جس میں کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ ٹیکس ادائیگی میں خردبرد کرنے والوں کی مانیٹرنگ کو مزید سخت کیا جائے اور ایسے عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اضافہ کیا جائے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈیجیٹلائزیشن، ای فائلنگ اور ڈیٹا بیس کے مؤثر استعمال سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کیا جائے۔ حکام کو آئندہ مہینوں کیلئے واضح اہداف مقرر کرنے اور کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
مزید برآں ٹیکس کلچر کے فروغ اور کیش لیس اکانومی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے اور معیشت کو دستاویزی شکل دی جا سکے۔
