(لاہور نیوز) پنجاب میں تعلیمی سال شروع ہوئے ایک ماہ سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود درسی کتب کی مکمل دستیابی تاحال یقینی نہیں بنائی جا سکی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق پہلی سے دسویں جماعت تک کی متعدد اہم درسی کتب شدید شارٹ ہیں، جن میں اردو، اسلامیات، انگریزی، ریاضی اور دیگر مضامین کی کتابیں شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اردو کی پہلی، پانچویں، چھٹی اور دسویں جماعت کی کتابیں مارکیٹ سے غائب ہیں، جبکہ اسلامیات کی تیسری سے ساتویں اور نویں جماعت کی کتب بھی دستیاب نہیں۔
اسی طرح ریاضی کی پہلی، تیسری، پانچویں، چھٹی، ساتویں، آٹھویں اور دسویں جماعت کی کتابوں کی شدید قلت رپورٹ ہوئی ہے، جبکہ انگریزی کی پہلی، تیسری، چوتھی، پانچویں اور ساتویں جماعت کی کتب بھی مکمل طور پر دستیاب نہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جغرافیہ کی چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کتب بھی مارکیٹ میں نہیں پہنچ سکیں، جبکہ ترجمہ القرآن کی چھٹی سے نویں جماعت کی کتابیں بھی نایاب ہیں۔
ذرائع کے مطابق بروقت ایلوکیشن نہ ہونے اور پرنٹنگ میں تاخیر کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس نے درسی کتب کی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے۔
طلبہ اور والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر کتابوں کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
