
(لاہور نیوز) یوم عاشور پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پنجاب پولیس کے 01 لاکھ 34 ہزار سے زائد افسران و اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ لاہور میں 15ہزار سے زائد افسران و اہلکار مرکزی جلوس اور مجالس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور موسم کی سختی کو فرائض کی بجا آوری میں ہرگز حائل نہ ہونے دیں،ڈیوٹی پوائنٹس پر انتہائی الرٹ رہیں، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سے چیکنگ کو یقینی بنائیں۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہیں، عزاداری جلوسوں میں سادہ لباس میں کمانڈوز،روٹس پر آنے والی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہیں، صوبہ بھر میں متبادل راستوں سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی انتظامات میں معاونت فراہم کر رہی ہیں،آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز، سینئر پولیس افسران حساس اضلاع میں جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں، پولیس ٹیمیں مذہبی و قومی جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض ادا کرتی رہیں گی۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور خود لمحہ بہ لمحہ محرم سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔