
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ میں عزاداری جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام میں قیام امن کیلئے پر عزم ہے۔
سی سی پی او لاہور نے پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ میں عزاداری جلوس کے روٹ کا دورہ کیا، انہوں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور عزاداران کیلئے کئے گئے حفاظتی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی کی جانب سے انہیں سکیورٹی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
سی سی پی او لاہور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9ویں محرم الحرام کی سکیورٹی کیلئے لاہور پولیس پوری طرح الرٹ ہے، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومز سے مجالس اورجلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ جلوسوں کے روٹس، ملحقہ عمارتوں سمیت تمام راستوں پر سکیورٹی عملہ فرض شناسی سے فرائض ادا کر رہا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات پولیس سٹاف اپنے اردگرد ماحول پر کڑی نظر رکھے، انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے اختتام پزیر ہونے تک سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔