
(لاہور نیوز) حکومت نے 15 سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تین ماہ بعد فروخت ہونے والی ہر دوا پر بار کوڈ موجود ہو گا، بار کوڈ موبائل سے سکین کر کے دوا کے اصل ہونے اور ایکسپائری کی معیاد سمیت اہم معلومات ہر شہری اپنے موبائل فون پر چیک کر سکے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری مکمل ہے، انڈسٹری نے فروخت شدہ دواؤں پر بار کوڈ لگانے کیلئے تین ماہ کا وقت مانگا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں میں پولیو کیسز آنے کے بعد پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے 15سال تک کے بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر کراچی، پشاور اور لاہور سمیت دیگر جگہوں پر 15 سال کے بچوں کو انسداد پولیو مہم میں شامل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نرسنگ کونسل کے سارے قانون کو تبدیل کر رہے ہیں، ملک میں 9 لاکھ اور دنیا بھر میں 25 لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے جسے پورے کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر ایک منٹ میں ایک شخص ہارٹ اٹیک کے سبب موت کا شکار ہو رہا ہے۔