
(لاہور نیوز) عید قربان سے پہلے ہی منافع خوروں کی چھریاں تیز ہو گئیں، سبزیوں، پھلوں، سبز مصالحوں اور لیموں کے دام بے لگام ہیں۔
دیسی لیموں کا سرکاری ریٹ 20 روپے بڑھا کر 580 روپے فی کلو مقرر، مارکیٹ میں لیموں 250 روپے پاؤ اور 950 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، ادرک چائنہ بھی 10 روپے مہنگا، سرکاری ریٹ 560 روپے فی کلو ہو گیا، بازاروں میں ادرک 800 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ سبز مرچ کے سرکاری دام بھی 5 روپے بڑھا کر 95 روپے فی کلو مقرر، دکانوں پر ہری مرچ 150 روپے فی کلو تک بک رہی ہے، ٹینڈے دیسی بھی 10 روپے مہنگے، سرکاری نرخ 110 روپے فی کلو مقرر، مارکیٹ میں ٹینڈے 160 روپے فی کلو فروخت کئے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف پھل بھی سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے فروخت کئے جا رہے ہیں، آڑو کے سرکاری دام 5 روپے بڑھا کر 175 روپے فی کلو کر دیئے گئے، مارکیٹ میں آڑو 260 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں، لوکاٹ بھی 10 روپے مہنگی، سرکاری ریٹ 160 روپے فی کلو مقرر لیکن مارکیٹ میں لوکاٹ درجہ اول 220 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں، فالسہ بھی 15 روپے مہنگا کر دیا گیا، سرکاری ریٹ 255 روپے فی کلو مقرر، بازاروں میں فالسہ درجہ اول 450 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی سمجھ سے باہر ہے، ریٹ بڑھانے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔
شدید گرمی کے باوجود فارمی انڈوں کی قیمت میں روزانہ اضافہ جاری ہے، منگل کے روز انڈوں کا ریٹ مزید 7 روپے اضافے سے 303 روپے درجن تک جا پہنچا جبکہ برائلر گوشت 680 روپے فی کلو بک رہا ہے۔