
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گلبرگ سکیم بلاک تھری پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایل ڈی اے کی جانب سے گلبرگ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل پراجیکٹ کا جائزہ لیا، انہوں نے گلبرگ بی تھری بلاک میں جاری پائلٹ پراجیکٹ کا معائنہ بھی کیا، صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مربوط ترقیاتی پراجیکٹ کے تحت لاگت اور دیکھ بھال کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی، پراجیکٹ کے تحت گلبرگ میں روڈز کی تعمیر و بحالی کی جائے گی، گرین بیلٹ، فٹ پاتھ اور سائیکلنگ کے لئے واک وے بنائے جائیں گے، گراؤنڈ واٹر ری سائیکلنگ کے لئے گرین بیلٹ روڈ لیول سے نیچے ہو گی، بارش کے پانی کے نکاس کے لئے واٹر ڈرینج سسٹم بھی بنایا جائے گا۔
بریفنگ کے مطابق سٹریٹ میں سولر لائٹس اور یونیفارم سائن لگائے جائیں گے، بجلی کے علاوہ دیگر تمام کیبل انڈر گراؤنڈ کر دی جائیں گی، سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل سے صوبائی دارالحکومت کو نئی شکل ملے گی، ایل ڈی اے دوسرے مرحلے میں سبزہ زار مین بلیوارڈ کی سسٹین ایبل ری ماڈلنگ کرے گا، جوہر ٹاؤن جی ون مارکیٹ کی تعمیر و بحالی بھی مربوط ترقیاتی پراجیکٹ کے تحت ہو گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹھوکر نیاز بیگ انٹری پوائنٹ اور ٹولنٹن مارکیٹ کی سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ بھی کی جائے گی، عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ اور عدم توجہ کا شکار علاقوں میں ڈویلپمنٹ کا عمل جاری ہے، بی تھری بلاک کی سڑکوں پر اسفالٹ ڈال دیا گیا ہے، بارشی پانی کے نکاس کا بہتر نظام بنے گا، بی تھری بلاک میں انٹرنیٹ و دیگر وائرز کو انڈر گراؤنڈ منتقل کیا جا رہا ہے، بی تھری بلاک میں سولر لائٹس نصب کی جائیں گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا گلبرگ کو خوبصورت اور کشادہ بنایا جائے گا، لاہور سمیت ہر شہر کی تعمیر و ترقی ہو گی، سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ سے نہ صرف شہر بہتر ہو گا بلکہ شہریوں کو بھی آسانی ہو گی۔