(ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے ایک نئی قسم کا سنہرا سلاد پتہ تیار کیا ہے جو وٹامن اے کی کمی کو پورا کر سکتا ہے۔
محققین کے ایک گروپ نے ’بائیو فورٹیفیکیشن‘ کا ایک نیا مشترکہ طریقہ وضع کیا ہے جو قدرتی طور پر سبز پودوں کے بافتوں میں دستیاب بیٹا کیروٹین کو عام مقدار سے 30 گُنا تک بڑھا دیتا ہے۔انہیں کھانے کے بعد انسانی جسم بیٹا کیروٹین کو اہم وٹامن اے میں بدل دیتا ہے جو قوتِ مدافعت، نمو اور بصارت کی بہتری میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ وٹامن اے دل، پھیپھڑوں اور دیگر بافتوں جیسے دیگر اندرونی اعضاء کی کارکردگی بہتر کرنے میں مدد دیتا ہے۔
رپورٹ میں محققین نے لکھا کہ چھوٹے اجزاء (مائیکرو نیوٹرینٹس) کی کمی (جو پوشیدہ بھوک کے طور پر بھی جانی جاتی ہے) متعدد ممالک میں ایک بڑا مسئلہ ہے۔ بالخصوص وٹامن اے میں کمی زیروفتھیلمیا اور صحت کے دیگر مسائل یہاں تک کے موت کا سبب بن سکتی ہے۔
روایتی غذائی سپلیمنٹیشن یا فورٹیفیکیشن مائیکرو نیوٹرینٹ میں کمی کے خطرات کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے لیکن یہ طریقے کئی کیسز میں ناقابلِ برداشت ہوتے ہیں۔ بائیو فورٹیفیکیشن (مطلب مائیکرو نیوٹرینٹ سے بھرپور فصل کی پیداوار) ان کمیوں کو پورا کرنے کا ایک متبادل طریقہ ہو سکتا ہے۔