31 Jul 2024
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک موجودہ صورتحال میں نئے الیکشن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پارٹی رہنماؤں، تاجروں، صنعتکاروں سے ملاقاتیں کی ہیں، ملک اس وقت مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، یہ مناسب نہیں کہ ہم گورنر ہاؤس میں بیٹھ کر صرف عوام کی پریشانی کو دیکھتے رہیں۔
سردار سلیم حیدر نے کہا ہم اپنے لوگوں اور اپنی پارٹی کے پاس آئے ہیں، کوشش ہے کہ گورنر کے عہدے کا استعمال کرکے لوگوں کو آسانیاں دیں، ہم حکومت کے ساتھ نہیں ہیں، ن لیگ کے ساتھ ہمارا محبت کا نہیں مجبوری کا الائنس ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی کو آفر کی تھی کہ پنجاب میں حکومت بنائیں، ہمیشہ کی طرح الیکشن کے بعد دھاندلی کا شور مچتا ہے۔