(لاہور نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے بہاولپور میں 27 کنال اراضی کی الاٹمنٹ منسوخ کروانے کے لیے دائر اپیل خارج کردی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اقبال گجر نامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ریاست بہاولپور کی زمین پرائیویٹ خاتون مزاجی بیگم کو الاٹ کی گئی، زمین پرائیویٹ خاتون نہیں خرید سکتی تھی، ریاست بہاولپور کی سرکاری زمین کی پنجاب حکومت آگے الاٹمنٹ نہیں کرسکتی۔
درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر سرکاری زمین پرائیویٹ شخص کو الاٹ کردی لہذا الاٹمنٹ منسوخ کی جائے۔
دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں تقریر نہ کریں وکیل صاحب ادھر قانون کی بات کریں، یہ معاملہ پہلے بھی سپریم کورٹ آچکا ہے۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے بہاولپور میں 27 کنال اراضی کی الاٹمنٹ منسوخ کروانے کے لیے دائر اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔