(لاہور نیوز) کم عمری میں بچیوں کی شادیوں کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروا دی گئی۔
رکن صوبائی اسمبلی سارہ احمد کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کروائی جس میں کم عمری کی شادیوں کے سنگین نتائج اور 18سال سے کم عمر لڑکیوں کی شادی پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ کم عمری کی شادی کا مسئلہ نوجوان لڑکیوں اور عام لوگوں کیلئے بہت سنگین معاملہ ہے، کم عمری کی شادی اکثر لڑکیوں کی بچوں کے ساتھ بدسلوکی، استحصال اور کمزوریوں میں اضافی کرتی ہے۔
متن کے مطابق کم عمری کی شادی لڑکیوں کی زندگی اور صحت کیلئے سنگین خطرہ ہے، ایوان اعلان کرتا ہے کہ ایک مضبوط، جامع اور متوازن معاشرے کی تشکیل کیلئے صحتمند ماؤں کا کردار بہت اہم ہے۔
قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کو کم عمری کی شادیوں کے سنگین خطرات اور نتائج سے آگاہ کیا جائے، جب تک کوئی شخص 18سال کی عمر تک نہ پہنچ جائے اور نکاح خواں کو شناختی کارڈ نہ پیش کرے، تب تک شادی نہ کی جائے۔