(لاہور نیوز) حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 6 روپے 44 پیسے کمی کا ریلیف دے دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کا 11.8 کلو گرام کا گھریلو سلنڈر 76 روپے سستا کر دیا گیا جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 250 روپے 34 پیسے ہو گئی، ایل پی جی کے 11.8 کلو گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2954 روپے مقرر کر دی گئی، قیمتوں کا تعین ماہ اپریل کیلئے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے پٹرول کی قیمت بڑھا دی، پٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 279 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر 289 روپے 41 پیسے ہو گئی۔
ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے، نئی قیمت 285 روپے 56 پیسے سے کم ہوکر 282 روپے 24 پیسے ہوگئی، پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گیا۔