لاہور :( محمد بلال) گنگارام ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں کرپشن کے معاملے پر محکمہ صحت نے ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کو فوری طور پر معطل کردیا۔
محکمہ صحت نے لاہور نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹرفنانس سیمیول امانت کو فوری طور پر رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ سینئر بجٹ اینڈ اکاؤنٹ آفیسر محمد اسرار الحق چائلڈ ہیلتھ یونیورسٹی کو فوری ڈائریکٹر فنانس گنگارام ہسپتال کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے معاملے کی انکوائری کیلئے 4 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
انکوائری کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر تانیہ ملک، ایس او جنرل جاوید حسین، ڈائریکٹر انٹرنل ونگ آڈٹ حسیب حسن اور محمد حسیب امداد آڈٹ آفیسر شامل ہیں۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، ہسپتالوں میں کرپشن کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔