(ویب ڈیسک) نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیزن کے خاتمے تک چینی برآمد کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت سیزن کے اختتام پر مکمل پیداوار اور کھپت کا اندازہ لگانے تک چینی برآمد کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
انہوں اپنے پیغام میں لکھا کہ اسلام آباد میں شوگر ایڈوائزری بورڈ (ایس اے بی) کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں شوگر انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چینی سے متعلق ہماری پالیسیوں میں سٹریٹجک تبدیلی پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، ہم نے چینی کی برآمد اور مارکیٹ میں اس کی کمی کے بعد درآمد کے چکر سے نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’’فرسودہ انداز‘‘ نے ناصرف پاکستان کو مالی نقصان پہنچایا بلکہ عام آدمی کیلئے چینی کی قیمت میں بھی اضافہ کیا، ہم چینی برآمد کرنے کی اس وقت تک اجازت نہیں دیں گے جب تک مکمل پیداوار اور استعمال سے متعلق سیزن کے اختتام پر جائزہ نہیں لے لیا جاتا۔
گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ سب سے پہلے پاکستان کا نظریہ اپناتے ہوئے ہم اپنے شہریوں کیلئے چینی کی مستحکم اور سستی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ہم سب مل کر چیلنجز پر قابو پالیں گے اور روشن مستقبل کیلئے کام کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کے ایک اور اجلاس کی صدارت کریں گے، تاکہ ملک بھر میں چینی کی پیداوار اور استعمال سے متعلق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔
واضح رہے کہ منگل کو گوہر اعجاز نے ایس اے بی کے اجلاس میں شوگر انڈسٹری کے کلوزنگ پر 9 لاکھ ٹن کے اضافی سٹاک سے متعلق بریفنگ حاصل کی تھی۔