(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ مختصر عرصے میں ہسپتالوں کے لیے جو کچھ کر سکے کریں گے۔
محکمہ صحت کو ایمبولینسز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے افراد جو کام کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے، صحت کے چھوٹے سینٹر پر بھی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، جنوبی پنجاب کے ہیلتھ سینٹرز پر بہتر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور اور پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کی ری ڈویلپنگ شروع ہوچکی ہے، میو اور جناح ہسپتال میں بھی کام شروع ہوگیا ہے، راولپنڈی میں بینظیربھٹو اسپتال میں کام شروع ہوچکا ہے، جو ہسپتال 50،50سال سے چلتے آرہے ہیں ان کو ٹھیک کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ ہسپتالوں میں کام شروع ہوگیا ہے بقیہ میں اگلے چند ہفتوں میں شروع ہوجائے گا، ہسپتالوں کو ٹھیک کرنےکی کوشش کررہے ہیں، مختصر عرصے میں ہسپتالوں کیلئے جو کچھ کرسکے کریں گے۔