(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کے شہید کانسٹیبل کی بیٹی کو محکمہ میں ملازمت دے دی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل اختر عباس کی بیٹی مومنہ عباس کو محکمہ پولیس میں بھرتی کر لیا، ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کے اہل خانہ کو سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا اور بیٹی کو ملازمت کا تقرر نامہ دیا، انہوں نے شہید کے ورثاء کی بہترین ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم بھی جاری کیا۔
سربراہ پنجاب پولیس عثمان انور نے کہا پولیس کے شہدا ہمارا فخر ہیں،ورثاء کو کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں شہداء کے اہل خانہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔
یاد رہے پنجاب کانسٹیبلری ملتان بٹالین کے کانسٹیبل اختر عباس نے 2004 میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا تھا، گزشتہ ہفتے آئی جی پنجاب نے جہلم پولیس کے شہید کانسٹیبل ذیشان علی کی بہن کو محکمہ میں بھرتی کیا تھا۔