سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرا دیا
(لاہور نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ کپ 2026 میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے دی۔
پاکستان نے میچ کا جارحانہ آغاز کیا اور پانچویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے فیلڈ گول کرکے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔ 23ویں منٹ میں حنان شاہد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کی برتری 0-2 کردی۔
تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا کے سیمن چن نے 35ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کیا اور اسکور 1-2 کردیا۔
میچ کے 53ویں منٹ میں حنان شاہد نے اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول کرکے برتری 1-3 کردی۔ کھیل کے آخری لمحات میں جنوبی کوریا کے من ہیوک لی نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 2-3 کردیا، تاہم پاکستانی ٹیم نے برتری برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔
یہ سلطان اذلان شاہ کپ 2026 میں پاکستان کی تیسری کامیابی ہے۔ اس فتح کے بعد پاکستان نے 4 میچز میں 9 پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن مستحکم کرلی۔
پاکستان اپنا آخری لیگ میچ جمعرات کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔
