ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم تبدیل، لاہور سمیت پنجاب میں 14 اکتوبر تک بارشوں کا امکان
(لاہور نیوز) رات کے اوقات میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم تبدیل ہونے لگا، محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے 14 اکتوبر تک بارشوں کی پیشگوئی کر دی، بارشوں کے باعث موسم میں مزید تبدیلی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں دسویں نمبر پر ہے جبکہ شہر میں سموگ کی اوسط شرح 154 ریکارڈ کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی کے اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے اطراف ایئر کوالٹی انڈیکس 233 جبکہ ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں 182 ریکارڈ کیا گیا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی تازہ ہدایات پر نظر رکھیں۔
