(لاہور نیوز) شہر میں سبزیوں کی قیمتوں کے سرکاری نرخ نامے اور پرچون مارکیٹ میں وصول کیے جانے والے نرخوں میں نمایاں فرق سامنے آگیا۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق صرف دو سبزیوں کے نرخ میں اضافہ کیا گیا، تاہم بیشتر سبزیاں مقررہ سرکاری قیمتوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔
سبز منڈیوں، پوش علاقوں اور گلی محلوں میں سبزیوں کے الگ الگ نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو سرکاری نرخوں پر سبزیاں دستیاب نہیں ہو رہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق پیاز کی قیمت 215 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ درجہ اول خشک پیاز پرچون بازاروں میں 270 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر کی سرکاری قیمت 195 روپے مقرر ہے، تاہم درجہ اول ٹماٹر 240 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
لہسن ہرنائی کی سرکاری قیمت 290 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ درجہ اول چائنہ لہسن مارکیٹ میں 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ ادرک تھائی لینڈ کی سرکاری قیمت 335 روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں ادرک 430 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔
لیموں دیسی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کرتے ہوئے سرکاری ریٹ لسٹ میں 155 روپے فی کلو مقرر کی گئی، لیکن ریٹیل مارکیٹ میں لیموں 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ سبز مرچ کی قیمت بھی 10 روپے بڑھا کر 130 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ مارکیٹ میں سبز مرچ 200 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
دیسی ٹینڈے کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں اس کی قیمت 280 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ آلو کی سرکاری قیمت 32 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود درجہ اول آلو 50 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
شملہ مرچ کی سرکاری قیمت 250 روپے فی کلو ہے، جبکہ درجہ اول شملہ مرچ 350 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ کھیرا 90 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 150 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
بند گوبھی کی سرکاری قیمت 120 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں 220 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ پھول گوبھی کی سرکاری قیمت 160 روپے کے مقابلے میں 240 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
پھلیاں 120 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔ بینگن کی سرکاری قیمت 100 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں 160 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
بھنڈی کی سرکاری قیمت 180 روپے فی کلو ہے، جبکہ مارکیٹ میں 250 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ گاجر 130 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 160 روپے فی کلو تک دستیاب ہے۔
گھیا کدو کی سرکاری قیمت 140 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون بازار میں 220 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ گھیا توری کا سرکاری نرخ 90 روپے مقرر ہے، جبکہ مارکیٹ میں 140 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔
میتھی کی سرکاری قیمت 300 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں میتھی 450 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کرایا جائے اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
