پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے، عظمیٰ بخاری
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدہ خوش آئند ہے، امید ہے مزید ممالک بھی اس دفاعی معاہدے کا حصہ بنیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے دنیا میں پاکستان کو عزت مل رہی ہے، پاکستان کی موجودہ صورتحال بڑی دلچسپ ہے، بڑے صوبوں میں حکومتی جماعتیں اقتدار میں ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دور دراز علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دی ہے، منصوبے کے تحت دور دراز علاقوں میں شہریوں کو گھر کی دہلیز پر صاف پانی کی بوتلیں فراہم کی جائیں گی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق صاف پانی پروگرام کے ابتدائی مرحلے کیلئے جنوبی پنجاب کے اضلاع خوشاب، رحیم یار خان اور بہاول نگر کا انتخاب کیا گیا ہے، پنجاب حکومت عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ لاہور میں بیٹھ کر پنجاب کو باتیں سناتے ہیں، لیکن انہیں اپنے صوبے کے حالات بھی دیکھنے چاہئیں، ان کے اپنے صوبے میں لوگ ٹینکروں سے پینے کا پانی بھرواتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم کھوکھلے نعروں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہریوں کو گھروں کی دہلیز پر پانی کی بوتلیں پہنچائی جا رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو بھی جرم کرے گا، اسے اس کی سزا ملے گی، معذور بچی کے واقعے میں ڈی آئی جی نے پورے تھانے کو معطل کیا، پنجاب حکومت جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صبح شام پنجاب پر بھاشن دینے والے اپنے صوبے کو بھی دیکھیں، جن حلقوں میں پیپلزپارٹی جیتی، وہاں بھی وہی الیکشن کمیشن تھا، ہارے ہوئے لوگ پنجاب پر غصہ نکالنے آ جاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ قیمتی مشوروں کی ضرورت سندھ حکومت کو ہے، پنجاب حکومت کو نہیں، 18 سال سے حکومت کرنے والے اب تک عوام کو پینے کا پانی فراہم نہیں کر سکے۔
