(لاہورنیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے بیجنگ میں چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی سے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹ، بندرگاہی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار چودھری نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، جبکہ جدید ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قومی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی جدید خطوط پر ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پائیدار انفراسٹرکچر کے ذریعے علاقائی تجارت کو فروغ دیا جائے گا، حکومت چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور پاکستان سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاک چین تعاون سے بندرگاہی شعبہ نئی منزلیں طے کرے گا، جبکہ بندرگاہوں کو اقتصادی راہداریوں سے مؤثر انداز میں جوڑ کر تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر چائنا ریلوے الیکٹریفکیشن انجینئرنگ گروپ کمپنی کے نائب صدر لی لی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان کے انفراسٹرکچر منصوبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے۔
