(لاہور نیوز) ملک بھر میں گیس بحران مزید سنگین ہو گیا جس کے باعث گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو اس وقت 1000 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد شارٹ فال کا سامنا ہے، جس کے باعث گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث ایل این جی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں روزانہ 900 سے 1100 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی سسٹم میں شامل نہیں ہو پا رہی، اس کے علاوہ مقامی پیداوار بھی بعض فیلڈز کی بندش سے متاثر ہوئی ہے، جن میں شیوا گیس فیلڈ سے آنے والی تقریباً 70 ایم ایم سی ایف ڈی سپلائی بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی کمی کے باعث نظام میں مجموعی دباؤ بڑھ گیا ہے اور لاہور میں صرف کھانا پکانے کے اوقات میں محدود گیس فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں کم پریشر کی شکایات برقرار ہیں۔
لاہور کے علاوہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، بہاولپور، قصور، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں بھی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ رپورٹ ہو رہی ہے۔
