(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے اثرات کے باعث ایل این جی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس سے ملک میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن گیس سسٹم کو 900 سے 1100 ایم ایم سی ایف ڈی تک ایل این جی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے، جبکہ مقامی سطح پر قدرتی گیس کی پیداوار بھی شیوا گیس فیلڈ کی بندش کے باعث متاثر ہوئی ہے، ان وجوہات کے باعث سوئی ناردرن گیس کمپنی کو 900 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد شارٹ فال کا سامنا ہے۔
شارٹ فال میں اضافے کے نتیجے میں لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور کم پریشر کی شکایات میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے، ذرائع کے مطابق لاہور میں صرف کھانا بنانے کے مخصوص اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے، تاہم گنجان آباد اور ٹیل کے علاقوں میں ان اوقات میں بھی صارفین کو کم پریشر کا سامنا ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی صورتحال مختلف نہیں، جہاں شہریوں کو کھانا بنانے کے اوقات میں بھی مکمل پریشر کے ساتھ گیس دستیاب نہیں، گیس کی اس طویل بندش اور کم پریشر نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے اور عوام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے۔
