(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی تحصیل راوی میں ضلعی انتظامیہ نے ایک منظم فراڈ گروہ کو گرفتار کر کے شہریوں کو لوٹنے سے بچا لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر راوی حمیرا شاہ کی نگرانی میں کی گئی کارروائی میں تین خواتین اور تین مرد شامل ہیں، جنہیں موقع سے گرفتار کر کے تھانہ شاہدرہ میں قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
ملزمان بینظیر انکم سپورٹ سکیم اور رمضان نگہبان راشن کارڈ کے بہانے سادہ لوح اور مستحق شہریوں کو جھانسہ دے رہے تھے اور فی کس پندرہ سو روپے بطور رجسٹریشن فیس وصول کر رہے تھے۔ بیوہ خواتین کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایک لاکھ روپے مالی امداد دینے کے وعدے کے تحت بھی رقم بٹوری گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی فوری کارروائی کے بعد متاثرین کی موجودگی میں رقم واپس دلوا دی گئی اور ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی سکیم میں رقم دینے سے قبل مستند ذرائع سے تصدیق کریں۔
