(لاہور نیوز) صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں نمایاں اور ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 6 لاکھ 51 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 26 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ لائسنس حاصل کیا جبکہ 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، اسی عرصے میں 2 لاکھ 8 ہزار شہریوں کو رننگ ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیورز لائسنس جاری کئے گئے۔
مزید برآں 1500 سے زائد افراد نے گم شدہ لائسنس دوبارہ حاصل کئے جبکہ 3 ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیا گیا، 85 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن ڈرائیونگ سہولیات سے بھی استفادہ کیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
