(ویب ڈیسک) شہر میں گٹکا مافیا کے خلاف پولیس کا گھیرا مزید تنگ ہو گیا، ایس پی سٹی بلال احمد کی سربراہی میں گٹکا فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
تازہ کارروائی میں ایس ایچ او شاد باغ زاہد احمد اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر دو ملزمان عبدالجبار اور حسنین کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان لاہور سمیت دیگر اضلاع میں پابندی کے باوجود گٹکا تیار کر کے فروخت اور سپلائی کرتے تھے، چھاپے کے دوران 40 کلو لیكوئیڈ گٹکا، 25 پیکٹ چونا، گٹکا تیار کرنے والے اوزار اور خام مال برآمد ہوا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان گٹکا کی ترسیل کیلئے لوکل ٹرانسپورٹ استعمال کرتے تھے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے کارروائی کرنے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو مضر صحت اشیاء سے محفوظ رکھا جا سکے۔
