پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایکٹ میں ترمیم ، بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایم پی ایز کی شمولیت لازم قرار

(لاہور نیوز) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایکٹ 2004ء میں اہم ترمیم کردی گئی، بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایم پی ایز کی شمولیت لازم قرار دے دی گئی۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ترمیمی) بل 2025 ء پنجاب اسمبلی نے منظور کر لیا، ترمیم کے تحت بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایم پی ایز کی شمولیت لازم قرار دے دی گئی ہے۔
بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ کے تین ڈائریکٹرز پنجاب اسمبلی کے ممبران ہوں گے، ایم پی ایز میں کم از کم ایک خاتون شامل ہوگی،ایجوکیشن پارلیمانی سیکرٹری بھی بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ ہوگا۔
غیر سرکاری تنظیموں اور ماہرین تعلیم کے کوٹے سے آنے والے ڈائریکٹرز کو اپنے شعبے میں تجربہ اور مہارت ثابت کرنا ہوگی، بل کا مقصد سرکاری معاملات میں شفافیت اور پارلیمانی نگرانی بڑھانا ہے۔
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ترمیمی) بل 2025 ءگزشتہ روز پنجاب اسمبلی سے منظور کیا گیا ۔ ترمیمی بل منظوری کے بعد فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔