(ویب ڈیسک) پاکستان اور انڈونیشیا نے ویکسین سازی میں تعاون پر اتفاق کرلیا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق پاکستان کے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ کی انڈونیشیا میں وہاں کے وزیر صحت سے ملاقات ہوئی جس میں صحت کے شعبے میں دوطرفہ شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے پاکستان کے صحت کے نظام اور معیشت پر موسمیاتی تبدیلی کے گہرے اثرات پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کی مبنی ملیریا کے خاتمے کی حکمت عملی قابل ستائش ہے۔ پاکستان، انڈونیشیا کے ملیریا کنٹرول ماڈل سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ انڈونیشیا کی تکنیکی مہارت سے استفادہ چاہتے ہیں، انہوں نے پاکستان میں ویکسین سازی کی ایک جدید پیداواری سہولت کے قیام کی فوری ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں انڈونیشیا کی تکنیکی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔
انڈونیشیا کے وزیر صحت نے پاکستانی وزیر صحت کی تجویز کا مثبت جواب دیا، دونوں وزرائے صحت نے اتفاق کیا کہ پاکستان، انڈونیشیا سے جدید ویکسین سازی کی سہولت میں تعاون کے لیے باضابطہ درخواست دے گا۔
