
(لاہور نیوز) چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ ایران، اسرائیل کشیدگی کے باعث ملک بھر میں ایل پی جی بحران کا خدشہ ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پاکستان میں بھی محسوس کئے جانے لگے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ملک میں ایل پی جی کی سٹوریج بڑھانے کے اقدامات نہ کئے گئے تو آئندہ دنوں میں شدید بحران جنم لے سکتا ہے۔
عرفان کھوکھر کے مطابق شارٹ فال کے باعث ایل پی جی مافیا بھی سرگرم ہو چکا ہے اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر صورتحال کو کنٹرول نہ کیا گیا تو گھریلو سلنڈر کی قیمت 6,000 روپے تک پہنچ سکتی ہے جو کہ عوام کی قوت خرید سے باہر ہے۔
عرفان کھوکھر نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کو اس سنگین صورتحال پر فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے درخواست ارسال کر دی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایل پی جی کی فوری درآمد کیلئے خصوصی بندوبست کیا جائے۔