
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھارت میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ (ایکس) پر جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے احمد آباد کے قریب ایئر انڈیا طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ سانحہ انتہائی دلخراش ہے، متاثرہ خاندانوں کے لیے دعائیں اور ہمدردیاں دکھ کی اس گھڑی میں بھارتی عوام کے ساتھ ہیں۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بھی ایکس پر جاری پیغام میں احمد آباد، گجرات میں ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بھارت میں طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ آج بھارت میں طیارہ گرنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، سانحے پر بھارتی عوام سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی احمد آباد میں بھارتی طیارہ گرنے سے 241 مسافروں کی ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، مریم نواز نے کہا کہ طیارہ حادثہ میں ہلاک مسافروں کے ورثا کے غم میں شریک ہیں۔