
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب پولیس کو مغوی کی بازیابی کیلئے 15 جولائی تک کی مہلت دے دی جبکہ آئی جی کو اشتہاریوں سے متعلق وارنٹ حاصل کرنے اور قانون بارے پولیس افسران کو مطلع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
جسٹس فاروق حیدر نے منڈی بہاؤالدین کے شہری عثمان علی کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور آر پی او گوجرانولہ طیب حفیظ چیمہ سمیت دیگر پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی استفسار پر آئی جی اور آر پی او گوجرانولہ کی جانب سے مغوی کی بازیابی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے بتایا گیا، آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم گجرات میں قتل کے ایک مقدمے میں اشتہاری ہے، جسکی گرفتاری کیلئے دو پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزم کی جائیداد ضبطی کے لئے کوئی اقدامات کئے؟ پولیس افسران نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی جائیداد ضبطی کیلئے متعلقہ عدالت کو لکھا لیکن ابھی تک منظوری نہیں ملی۔
فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی شخص اشتہاری قرار دے دیا جائے تو وہ اپنے تمام قانونی دفاعی حقوق کھو دیتا ہے، اشتہاری شخص کو آئینی درخواست کا حق بھی حاصل نہیں ہوتا، عدالت نے پولیس افسران کو مغوی کی بازیابی کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت آئندہ پیشی تک کیلئے ملتوی کر دی۔