عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کیلئے آواز اٹھائے: گورنر پنجاب

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے، عالمی برادری اس کیلئے آواز اٹھائے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کو جہاں بھی پاکستان کی ضرورت ہوگی ہم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا ہے کہ ایک مشہور قول ہے " اگر آپ کسی کے ساتھ ناانصافی کی صورت میں غیر جانبدار ہیں تو آپ ظالم کے ساتھ ہیں"۔ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھائے، اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں، مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروایا جائے ۔