
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے لاکھوں خاندانوں کو ’نگہبان رمضان پیکیج‘ دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ’نگہبان رمضان پیکیج‘ کے حوالے سے مختلف تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران پنجاب حکومت نے لاکھوں خاندانوں کو نگہبان رمضان پیکیج دینے کا اصولی فیصلہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہریوں کو نگہبان رمضان پیکیج کے لئے 15 فروری تک رجسٹریشن مکمل کرانے کی ہدایت کی جبکہ نگہبان رمضان پیکیج میں شفافیت کے لئے ضروری اقدامات کا بھی حکم دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نگہبان رمضان پیکیج نادار لوگوں کا حق اور حکومت کا فرض ہے، عوام کو عزت و احترام کے ساتھ ان کا حق ملنا چاہئے، نگہبان رمضان پیکیج کے لئے عوام کا لائنوں میں لگنا قطعاً پسند نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے عوام کی خدمت کی جائے، انتظامیہ اور متعلقہ حکام فرض نہیں عبادت سمجھ کر اپنی خدمات سرانجام دیں۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’نگہبان رمضان پیکیج‘ کے لئے پی ایس ای آر میں رجسٹریشن ضروری ہے، گھر بیٹھے آن لائن پورٹل pser.punjab.gov.pk پر بھی اپلائی کیا جا سکتا ہے، یونین کونسل اور بلدیہ دفاتر میں رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے، نگہبان رمضان پیکیج کیلئے ہیلپ لائن 080002345 بھی قائم کر دی گئی ہے۔