(ویب ڈیسک) غازی آباد کے علاقے میں پولیس نے بیوی پر تشدد کرنے والے شوہر کو گرفتار کرلیا۔
ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی جانب سے تشدد کی کال موصول ہوئی جس سے معلوم ہوا کہ شوہر کے بہیمانہ تشدد سے خاتون کی آنکھ اور چہرہ بری طرح زخمی ہوگیا ہے، خاتون بھاگ کر پناہ لینے کی خاطر ہمسائے کے گھر چلی گئی۔
ہمسایہ کی جانب سے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن پر خاتون پر تشدد کی کال کی گئی جس پر پولیس نے ہمسایہ کو خاتون کو پناہ دینے کا کہا اور پولیس کو موقع پر روانہ کیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر شوہر کو گرفتار کرکے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی بدولت ملزم پولیس کی گرفت میں آگیا۔
ترجمان سیف سٹیز کے مطابق سیف سٹی ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن خواتین کے تحفظ کے لیے 24 گھنٹے مصروف عمل ہے، خواتین فوری مدد کے لیے 15 ایمرجنسی نمبر پر 2 دبا کر ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔