(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت کیلئے درخواست پر ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کیلئے جگہ کے تعین کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے پاکستان تحریک انصاف کی جلسے کی اجازت کیلئے درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر ڈی سی لاہور رافعہ حید ر لاہور ہائیکورٹ پیش ہوئیں۔
دوران سماعت جسٹس علی باقر نجفی نے ڈی سی لاہور سے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کے لیے کونسی تاریخ دے سکتے ہیں؟ پی ٹی آئی والے 27 اگست کو جلسے کی استدعا کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نےجواب دیا کہ پی ٹی آئی والے 27 اگست سے 2 ستمبر تک جلسے کے لیے درخواست دیں، ایک ہفتے میں فیصلہ کر دیں گے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ پی ٹی آئی والے کہہ رہے ہیں کہ انہیں مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت دی جائے، جس پر ڈی سی لاہور نے کہا کہ ہم انہیں مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ لاہور میں جلسے کے لیے کوئی متبادل جگہ بتا دیں، جس پر رافعہ حیدر نے کہا کہ میں اس حوالے سے معلومات حاصل کرکے بتا دوں گی۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے ڈی سی لاہور کو جلسے کی جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔