(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ فاطمہ آفندی کا کہنا ہے کہ اب زمانہ، سوچ اور چیزیں تبدیل ہوتی جا رہی ہیں، ماضی کے مقابلے میں اب غیر شادی شدہ لڑکیاں شادی شدہ مردوں کی طرف مائل ہو رہی ہیں۔
فاطمہ آفندی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دوسرے معاملات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مردوں کی جانب سے شادی کے باوجود افیئرز چلانے کی باتیں تو کئی سالوں اور صدیوں سے چلی آ رہی ہیں، بچپن سے سنتے آ رہے ہیں کہ ایسا ہوتا تھا۔
اداکارہ کے مطابق لیکن اب سوشل میڈیا آنے سمیت خواتین کے باشعور اور بہادر بن جانے سے شادی شدہ مردوں کے افیئرز کچھ کم ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب مرد اپنی بیویوں اور خواتین کے خوف سے بھی شادی کے بعد افیئرز چلانے سے ڈرتے ہیں، انہیں لگتا ہے کہ ان کی بیوی تو انہیں چھوڑ کر ہی جائے گی لیکن جاتے جاتے انہیں بدنام بھی کرکے جائے گی۔
اداکارہ کے مطابق ایسے ہی موضوعات پر پھر ڈرامے بھی بنائے جاتے ہیں اور شائقین بھی ایسے ہی ڈراموں کو دیکھتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے، ڈراموں کی کہانیاں اور مواد تبدیل ہونا چاہیے۔
ایک اور سوال کے جواب میں فاطمہ آفندی نے کہا کہ اب چیزیں، سوچ اور زمانہ تبدیل ہوتا جا رہا ہے،اب غیر شادی شدہ لڑکیاں شادی شدہ افراد کی جانب مائل ہو رہی ہیں۔
اداکارہ نے دلیل دی کہ لڑکیاں ایسے کام اس لیے کر رہی ہیں کیوں کہ انہیں معلوم ہے کہ شادی شدہ مرد معاشی طور پر مضبوط ہوتے ہیں، انہیں زندگی کو آگے بڑھانے کا تجربہ ہوتا ہے۔
ان کے مطابق ماضی میں ایسا نہیں ہوتا تھا یا پھر سوشل میڈیا نہ ہونے کی وجہ سے ایسی معلومات دوسروں تک نہیں پہنچتی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب چیزیں اور لوگ بدلتے جا رہے ہیں، زیادہ تر لوگ مادیت پسند، مطلبی اور اپنی بہتری کا سوچنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سمیت دیگر دنیاوی معاملات کی وجہ سے بھی ایسی چیزیں ہو رہی ہیں، اب ہر جگہ ایک ریس لگی ہوئی ہے، سب کچھ تیزی سے بدل رہا ہے۔
فاطمہ آفندی نے مزید کہا کہ اب ہر کوئی دوسرے کی پرتعیش زندگی دیکھ کر اس جیسا بننا چاہتا ہے لیکن وہ ان کی پرتعیش زندگی کے اسباب یا ان سے متعلق دوسری چیزیں دیکھنا ہی نہیں چاہتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب خواتین برانڈڈ کپڑوں، جوتوں اور دوسری چیزوں کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں تو مرد گاڑیوں سمیت دوسری لگژری چیزوں کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔