(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے متعدد مجالس وجلوسوں کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔
لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرونِ موری گیٹ سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچے گا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہرمیں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے 425 مجالس اور 87 عزاداری جلوس برآمد ہورہے ہیں، مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی پر 5 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں، آج منعقد ہونے والی مجالس میں اے کیٹیگری کی43،بی کیٹیگری کی 283 اور سی کیٹیگری کی 99 مجالس شامل ہیں۔
اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کیلئے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، سپروائزری افسران مجالس و جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں، محکمہ داخلہ کے جاری ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کروایا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات کار اور روٹ کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ٹریفک پولیس، ڈولفن، پی آر یو اور اینٹی رائٹ فورس سمیت لاہور پولیس کے تمام ونگز اور رضا کار مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے متحرک ہیں۔
بلال کمیانہ نے بتایا کہ کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
سربراہ لاہور پولیس نے فورس کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں مساجد، امام بارگاہوں اور مجالس سمیت اہم مقامات کے اطراف مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔